اسلام آباد (تعلیم ڈیسک)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2023 کے داخلوں کا شیڈول جاری کردیا ہے، پہلے مرحلے کے داخلے 15جنوری جبکہ دوسرے مرحلے کے داخلے یکم مارچ کو شروع ہوں گے۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں سرٹیفیکیٹ کورسز، مڈل ٹیک،میٹرک، ایف ا ے، آئی کام، بی ایس(فیس ٹو فیس)، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی شامل ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ٹیچرٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری(بی اے)اور بی ایس(او ڈی ایل)پروگرامزپیش کئے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر15جنوری سے آن لائن دستیاب ہونگے۔
داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی کیمپسز /رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس میں بھی دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے مطابق بی ایس/ایم ایس سی/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے آن لائن اپلائی کرنا لازمی ہے جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخلہ فارم مینول اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کیا جاسکے گا، فارم آن لائن جمع کرانے کی صورت میں داخلہ فارم پرنٹ کرکے یونیورسٹی کو بھجوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔