لاہور (شوبز ڈیسک) پاکستانی خوبرو و ہنس مْکھ اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا عندیہ دے دیا۔
اداکارہ رمشا خان کئی نامور ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے انڈسٹری کو خیر باد کہنے کا عندیہ دیا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران رمشا خان سے جب سوال کیا گیا کہ آپ خود کو آنے والے وقتوں میں کہاں دیکھتی ہیں؟
اس پر جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں خود کو صفِ اوّل کی اداکارہ کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہوں اور اس مقام تک پہنچنے کیلئے جو کام مل رہا ہے کر رہی ہوں البتہ اس دوران شادی ہوگئی تو پھر یقیناً انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گی۔فیلڈ میں مشکلات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی فیلڈ میں خود کو منوانے کیلئے مشکلات کا سامنا تو کرنا ہی پڑتا ہے، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم انہیں مثبت انداز سے دیکھتے ہیں یا پھر منفی طور پر۔
رمشا خان نے مزید کہا کہ میں خود کو اس لحاظ سے خوش قسمت تصور کرتی ہوں کہ مجھے ابتداء ہی میں ٹی وی سکرین کے سْپر سٹارز کے ساتھ کام کا موقع مل گیا۔یاد رہے کہ 29 سالہ اداکارہ کئی ڈرامہ سیریلز ”عشقیہ”،”کتنی گرہیں باقی ہیں”، ”صنف آہن” اور دیگر کے بعد حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ‘تیری میری کہانیاں’ میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔