لاہور (شوبز ڈیسک) فلم و ٹی وی کی سینئر اداکارہ صائمہ نور کی فٹنس ٹرانسفارمیشن اور نوجوانوں جیسی توانائی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں 58 سالہ صائمہ نور کو اسکواٹس، کیٹل بیل سوئنگز سمیت مختلف مشکل ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین نے ان کی طاقت، اسٹیمنا اور فٹنس سے بھرپور طرزِ زندگی کی تعریف کی ہے۔
دیگر ویڈیوز میں ان کو ایک سیلون کا وزٹ کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جس میں ان کے وزن میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔مداحوں نے انہیں ایور گرین قرار دیتے ہوئے ان کی جوان نظر آنے والی شخصیت کو سراہا ہے، جبکہ بعض صارفین نے مذاقا یہ بھی کہا ہے کہ ویڈیوز اتنی متاثر کن ہیں کہ بظاہر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ معلوم ہوتی ہیں۔
اس دوران صائمہ نور کے پرانے انٹرویو کلپس بھی دوبارہ وائرل ہوئے، جن میں انہوں نے اپنی فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق کھل کر گفتگو کی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب میں خود کو زائد وزن کا شکار محسوس کرتی تھی، جس کے بعد میں نے اپنی صحت بہتر بنانے کے لیے طرزِ زندگی میں بڑی تبدیلیاں کیں۔