اسحاق ڈار

ایرانی بحری جہاز کی واپسی یقینی طور پر اعتماد سازی کیلئے ایک اہم اقدام ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ امریکی فورسز کی جانب سے قبضے میں لیے گئے ایرانی مال بردار بحری جہاز ایم وی توسکا کے 22 رکنی عملے کو بحفاظت پاکستان منتقل کر دیا گیا، یہ اقدام امریکہ اور ایران کے درمیان اعتماد سازی کی ایک بڑی کڑی ہے جس میں پاکستان نے کلیدی سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔

جاری اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ عملے کے ارکان کو گزشتہ رات ایک خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لایا گیا، ان 22 افراد کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر ایرانی حکام کے حوالے کر دیا جائے گا، صرف عملہ ہی نہیں، بلکہ ایم وی توسکا جہاز کو بھی پاکستانی علاقائی حدود میں لایا جا رہا ہے، وہاں ضروری مرمت کے بعد اسے باضابطہ طور پر اس کے اصل ایرانی مالکان کے سپرد کر دیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ یہ پوری کارروائی ایران اور امریکہ دونوں کی مکمل حمایت اور تعاون سے مربوط کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ "یہ اقدامات یقینی طور پر ایک اہم اعتماد سازی کے اقدام کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان اس تعاون پر امریکہ اور ایران کا شکریہ ادا کرتا ہے”، اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مکالمے، سفارت کاری اور ثالثی کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ تعمیری روابط کا حامی رہا ہے اور موجودہ پیش رفت اسی پالیسی کا تسلسل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں