اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان کی جانب سے ٹرانزٹ ٹریڈکی آڑ میں اسمگلنگ کےخلاف زیروٹالرنس کے نتیجے میں رواں مالی سال افغانستان کی پاکستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمدات میں 79 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران افغان ٹرانزٹ ٹریڈ میں سالانہ بنیاد پر 69 فیصد یا ایک ارب 48 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نےٹرانزٹ ٹریڈکی آڑمیں اسمگلنگ پر قابو پانے اور ٹرانزٹ ٹریڈ کا غلط استعمال روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے، جس کے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ جولائی 2024 تا جنوری 2025 کے دوران سالانہ بنیاد پر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 69 فیصدکی کمی کے بعد 67 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 2 ارب 16 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھی۔حکومتی ذرائع کا کہناہےکہ گز شتہ مالی سال 2023-24میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈکاحجم2 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تھا اور مالی سال 23-2022 میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ 7 ارب 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تھیں۔