پشاور(نیوز رپورٹر ) پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر، رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے کہا ہے کہ پہلے ہمیں امید نہیں تھی کہ ہم پر گولیاں چلیں گی، اس دفعہ ہمیں توقع ہے کہ حکومت گولیاں چلاسکتی ہے، اس بار ہم تیاری کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔
پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر پارٹی عہدہ ملنے کیے بعد پہلی بار پشاور پہنچے تو پی ٹی آئی کے ورکرز نے صوبائی صدر کا استقبال کیا، پشاور سے ارکان اسمبلی بھی استقبالیہ میں موجود تھے۔ اس موقع پر جنید اکبر نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو صوابی کا جلسہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ جس طرح باتیں کرتے ہیں، ان کو شرم آنی چاہیے، ہمارے ورکرز کے ساتھ جو کیا وہ بہت بڑی ریاست دہشتگری تھی، پہلے ہمیں امید نہیں تھی کہ ہم پر گولیاں چلیں گی، اس بار ہم تیاری کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔
جنید اکبر اس دفعہ بھی ہمیں توقع ہے کہ حکومت گولیاں چلاسکتی ہے، صوابی احتجاج سے متعلق وزیراعلی سے الگ ملاقات ہوگی، اجلاس میں وزیراعلی کو مدعو نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کو اس لئے مدعو نہیں کیا کیونکہ ان کے پاس پہلے سے بہت ذمہ داریاں ہیں، ہمارے قیادت پہلے اداروں سے رابطے میں تھی، کابینہ میں تبدیلی وزیراعلی کی ذمہ داری ہے، میرا حکومتی معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں۔ جنید اکبر نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور ہورہا ہے،بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جو ہدایات دیں، اس پر عمل ہوگا۔