پنجاب میں شدید بارشوں کے پیش نظر رود کوہی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں میں آئندہ 15 گھنٹوں کے دوران نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں بشمول محکمہ زراعت، آبپاشی، جنگلات، صحت، لائیو اسٹاک، ٹرانسپورٹ اور مقامی حکومت کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ریسکیو 1122 سمیت تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو لمحہ بہ لمحہ صورت حال سے باخبر رکھا جائے اور اگر انخلا کی ضرورت پیش آئے تو شہری فوری طور پر انتظامیہ سے تعاون کریں۔ ریسکیو ٹیموں کو ایندھن اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔