لائبریری میں قرآن پاک، احادیث مبارکہ اور دیگر اسلامی کتب کو برائے مطالعہ رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر پولیس نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے، شہر کے مختلف تھانوں کے لاک اپس میں ملزموں کے لیے لائبریریاں قائم کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سکھر کے ایس ایس پی عرفان سموں کی ہدایت پر لائبریری قائم کی گئی۔ ایس ایس پی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ تھانے میں لائبریری کا قیام گرفتار ملزموں کی اصلاح کے لیے کیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے ڈسٹرکٹ سکھر تھانہ آباد کی حوالات میں لائبریری کے قیام پر ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ کہنا تھا کہ تھانہ حوالات میں لائبریری کے قیام کو دیگر تمام تھانہ حوالات تک وسعت دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مطالعے کے لیے بالخصوص اسلامی معلومات پرمبنی کتب اور احادیث مبارکہ کی کتابوں کو لائبریری کا حصہ بنایا جائے۔ واضح رہے کہ تھانہ آباد کے حوالات میں قائم لائبریری میں قرآن پاک، احادیث مبارکہ اور دیگر اسلامی کتب کو برائے مطالعہ رکھا گیا ہے۔