چترال کے معروف سیاحتی مقام گولین میں ازغور گلیشیئر پھٹنے سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں درخت اکھڑ کر سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جب کہ کئی مکانات، دکانوں اور کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب کی وجہ سے گولین ہائیڈل پاور اسٹیشن کا پانی بند کردیا گیا ہے تاہم بجلی گھر ذخیرہ شدہ پانی سے بجلی بنارہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلابی ریلے سے 3 گھروں اور 3 دکانوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور ریلیف کا کام جاری ہے۔ وزیراعظم کی بہن علیمہ حان متاثرہ گاؤں میں اپنی بیٹی کے ہاں آئی تھیں تاہم وہ بالکل محفوظ ہیں۔