کراچی میں سائٹ اے پولیس نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کی منصوبہ بندی کرنے والے تین ملزمان کو گرفتارکرلیا جن میں سافٹ ویئر انجینئر بھی شامل ہے۔
سائٹ اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر حبیب بینک چورنگی کے قریب گاڑی میں مشکوک حالت میں موجود 3 ملزمان محمد زوہیب حسن ولد محمد اقبال، شان عرف کاکا ولد امام الدین اور وقارعالم عرف ویکی ولد محمد عالم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے 2 ساتھی کامران اور سکندر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ملزمان سے اسلحہ، گیس کٹر، پولیس کیپ، پانا، چھینی، پیچ کس، کیبل، بیٹری اور دھماكہ خیز ڈیوائس بھی برآمد کر لی گئی۔ ایس ایس پی ویسٹ شوکت کٹھیان کےمطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اے ٹی ایم مشین توڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ ان کا منصوبہ سلنڈر اور ڈیوائس سے دھماکا کرکے اے ٹی ایم مشین توڑ کر کیش لوٹنا تھا۔ گرفتار ملزم وقار عالم سافٹ ویئر انجینئر ہے۔